پٹنہ۔ 4 اکتوبر (یو این آئی) بہار اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی یادو نے منگل کے روز کہا کہ بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت آنے کے بعد کسانوں کو دھان اور گیہوں کی فصل پر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) سے اوپر بونس دیا جائے گا، اور کھیتوں کی آبپاشی پر خرچ ہونے والی بجلی مفت کر دی جائے گی۔اسی کے ساتھ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت بننے کے بعد پی اے سی ایس اور تجارتی منڈل کے صدور کو عوامی نمائندے کا درجہ دیا جائے گا۔ یادو نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بہار میں کسانوں کو دھان اور گیہوں کی فصل ایم ایس پی سے بھی کم قیمت پر فروخت کرنی پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن نے یہ عہد کیا ہے کہ ان کی حکومت بنتے ہی یہ یقینی بنایا جائے گا کہ بہار کے کسانوں سے دھان اور گیہوں ایم ایس پی پر خریدی جائے اور ہر کوئنٹل کے حساب سے بونس بھی دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ایم ایس پی سے اوپر دھان کی سرکاری خرید پر فی کوئنٹل 300 روپے اور گیہوں پر 400 روپے بونس دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیتوں کی آبپاشی کے لیے استعمال ہونے والی بجلی بھی مفت کر دی جائے گی۔
