بی آر ایس و بی جے پی امیدواروں کے کریمنل ریکارڈ پر نظر
سابق چیف منسٹر اشوک چوان کی شرکت
حیدرآباد ۔3۔نومبر (سیاست نیوز) مشن تلنگانہ 2023 کے تحت کانگریس پارٹی نے بوتھ سطح کے قائدین کے لئے ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا تاکہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیا جائے اور برسراقتدار پارٹی کو انتخابی دھاندلیوں سے روکا جائے ۔ کانگریس وار روم کے ٹریننگ شعبہ کی جانب سے آج 119 اسمبلی حلقہ جات کے اہم قائدین کے لئے ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر اشوک چوان ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ انتخابی امور کے ماہرین نے بوتھ سطح پر اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے واقف کرایا اور کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے مقرر کردہ کوآرڈینیٹرس کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ رائے دہی تک چوکسی کو یقینی بنائے۔ انتخابی مہم کے دوران بھی عوام کو رائے دہی میں حصہ لینے کی ترغیب دی جائے گی۔ بوتھ سطح کے ایجنٹس سے ڈیویژن سطح کے قائدین کو مربوط کیا جارہا ہے۔ اشوک چوان نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس کی 6 ضمانتوں کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرائیں۔ بی آر ایس اور بی جے پی امیدواروں کے مجرمانہ ریکارڈ کی تفصیلات کو عوام میں پیش کیا جائے۔ کوآرڈینیٹرس اور وار روم کے قائدین روزانہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں پیش کرنے کیلئے پریس کانفرنس کریں گے۔