دھان خریداری مراکزپرتمام سہولتیں فراہم کی جائیں

   

وزیرزراعت اوروزیرآبپاشی کے ہمراہ چیف سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس

سدی پیٹ ؍ میدک، 15 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر زراعت تْمّلا ناگیشور راؤ اور وزیر آبپاشی اْتّم کمار ریڈی نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ دھان کی خریداری سے متعلق اْمور پر بدھ کے روز حیدرآباد سے تمام اضلاع کے کلکٹرس، زراعت و متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ رہنمایانہ ہدایات جاری کیں۔ اس ویڈیو کانفرنس میں ضلع کلکٹر راہول راج، اڈیشنل کلکٹر ناگیش، آر ڈی اوز، سول سپلائیز اور مارکٹنگ عہدیداران کلکٹریٹ میدک سے شرکت کی۔ وزیر اْتّم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں دھان کی پیداوار و استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا خریف سیزن کے دوران خریداری کی سرگرمیاں وسیع پیمانے پر انجام دی جائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ خریداری مراکز پر تمام ضروری انتظامات کیے جائیں، نقل و حمل میں کسی دشواری سے بچنے کے اقدامات کیے جائیں، کسانوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، مراکز پر “گنی بیگس،” پیڈی کلینرس، نمی ناپنے والی مشینیں اور برقی وزن مشینیں دستیاب رہیں۔ اگر خریداری میں کسی قسم کی رکاوٹ درپیش ہو تو فوری بالا عہدیداروں یا وزراء￿ سے رجوع کیا جائے۔ وزیر نے کہا کہ گزشتہ دو سیزن میں دھان خریداری کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا تھا، اسی طرح اب بھی شفاف اور منظم انداز میں کام انجام دیا جائے، مِل مالکان کسی طرح کی دشواریاں پیدا نہ کریں۔ حکومت کم از کم امدادی قیمت (MSP) اور بونس کی ادائیگی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ خریداری مراکز پر ڈیجیٹل اندراجات (ٹیب انٹریز) بروقت انجام دی جائیں۔ کوالٹی کے مطابق خریداری کی جائے اور ضرورت پڑنے پر ایف سی آئی کے ساتھ نجی گوداموں کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔وزیر زراعت تْمّلا ناگیشور راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جہاں دھان کی خریداری بڑے پیمانے پر شفاف انداز میں انجام دی جا رہی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات مکمل کر لیے جائیں اور ضرورت کے مطابق مراکز فوری شروع کیے جائیں۔