دھان خریداری مراکز پر کسانوں کو پریشان کرنے پر انتباہ

   

میدک۔14 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک کے کلکٹر راہول راج نے کسانوں کو دھان خریداری مراکز پر وزن کے معاملے میں مشکلات سے دوچار کرنے پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ منگل کو انہوں نے چنا شنکرم پیٹ منڈل کے گوولا پلی میں دھان خریداری مرکز اور وائیوپتر رائس مل سے وابستہ گودام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں ربیع خریداری مراکز موثر انداز میں کام کر رہے ہیں اور حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے خریداری مراکز قائم کر رہی ہے۔انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے محنت سے پیدا کی گئی فصلوں کو حکومت کے قائم کردہ مراکز پر ہی فروخت کریں تاکہ انہیں امدادی قیمت حاصل ہو سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ وزن کے معاملے میں شفافیت برقرار رکھی جائے گی اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اب تک ضلع میں 1,80,000 میٹرک ٹن دھان خریدا جا چکا ہے اور 36,192 کسانوں کو 181 کروڑ روپے ان کے بینک کھاتوں میں بروقت منتقل کئے گئے ہیں۔ کلکٹر نے بتایا کہ 71 ملوں کو دھان منتقل کیا جا رہا ہے اور ان لوڈنگ کے عمل میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے لئے ریونیو محکمہ کے ذریعے خصوصی افسر مقرر کیا گیا ہے۔کلکٹر نے مزید کہا کہ اگر ملوں کے پاس جگہ کی کمی ہو تو 13,000 میٹرک ٹن گنجائش والے گودام کرایہ پر لے کر دھان ذخیرہ کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

راجیو یووا وکاسم درخواستوں کی تنقیح تیز کی جائے: ضلع کلکٹر
میدک ۔14 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راجیو یووا وکاسم اسکیم کے مستحقین کی تنقیح، اندراما مکانات کی منظوری، دیہاتوں میں پینے کے پانی کی قلت کی روک تھام اور دیگر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے حوالے سے ضلع کلکٹر راہول راج نے منگل کے روز کلکٹر زوم میٹنگ کے ذریعے تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلع پنچایت سی ای او ایلیا، ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتی بہبود کے عہدیداران، میونسپل کمشنرز اور ایم پی ڈی اوز شریک رہے۔کلکٹر نے راجیو یووا وکاسم اسکیم کے سلسلے میں بی سی، ایس سی، اقلیتی اور قبائلی کارپوریشنس کے ای ڈی عہدیداروں سے ڈیسک ویریفیکیشن (تنقیح ) کی تفصیلات طلب کیں۔ یونٹ واری سطح پر موصولہ درخواستوں میں سے کتنی درخواستوں کی ڈیسک ویریفیکیشن مکمل ہوئی ہے اور کتنی باقی ہیں، اس کی فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔