چیف منسٹر کو رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا چیلنج
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر سے کہا کہ اگر وہ کسانوں کے مسائل کے بارے میں بے بس ہیں تو عہدہ سے استعفی دے دیں۔ کانگریس پارٹی مرکز سے جدوجہد کرتے ہوئے مسائل کا حل نکالے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اپنی سماجی ذمہ داری سے فرار اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ دہلی کے جنتر منتر پر کسانوں کے حق میں دھرنا کب دیں گے۔ چیف منسٹر نے اپنی پریس کانفرنس میں دہلی میں دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اگر وہ کسانوں کے حق میں مرن برت کرتے ہیں تو کانگریس ان کی تائید کرے گی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ دھان کی خریدی کے سلسلہ میں مرکز پر انحصار کئے بغیر تلنگانہ حکومت کو خریدنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا حکومت نے آندھرا پردیش سے چاول کی خریدی کا معاہدہ کیا ہے تلنگانہ حکومت بھی کیرالا اور دیگر ریاستوں سے چاول کی خریدی کا معاہدہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف جدوجہد کا اعلان کے سی آر کی ڈرامہ بازی ہے۔ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر تنقید کے ذریعہ عوام اور کسانوں کو گمراہ کررہی ہیں۔ر