2018-19 میں 14.73 لاکھ کسانوں سے 77.41 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی ریکارڈ خریدی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( این ایس ایس ) : 2018-19 میں محکمہ سیول سپلائز نے کسانوں سے توقع سے زیادہ دھان کی خریدی کرتے ہوئے تلنگانہ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ بنایا ہے ۔ خریف اور ربیع سیزنس میں 14.73 لاکھ کسانوں سے اقل ترین امدادی قیمت پر 77.41 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کی ۔ اس موسم خریف میں محکمہ سیول سپلائز نے 3297 دھان کی خریدی کے مراکز کے ذریعہ 8.08 لاکھ کسانوں سے 40.41 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کی ۔ اور ربیع میں 3509 مراکز پر 6.63 لاکھ کسانوں سے 37 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریداری کی گئی ۔ اس معاملہ میں اب ریاست تلنگانہ ملک میں پنجاب کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ وزیر سیول سپلائز ایس نرنجن ریڈی نے کہا کہ اس کا سہرا چیف منسٹر کے سر جاتا ہے ۔ چیف منسٹر کی جانب سے کسانوں کی فلاح و بہبود کی اسکیمات پر عمل درآمد ، جیسے ریتو باندھو ، ریتو بیمہ ، 24 گھنٹے برقی سربراہی ، نئے آبپاشی پراجکٹس کی وجہ زراعت کو ترقی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم ریکارڈ سطح پر کسی مشکل کے بغیر کسانوں سے دھان کی خریدی کر پائے ہیں ۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر انتظامات کیے کہ دھان فروخت کرنے میں کسانوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔۔