منتظمین و عہدیداروںسے ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا خطاب
نظام آباد : ریاستی وزیر عمارات وشوراع ویمولا پرشانت ریڈی نے دھان خریداری مراکز کے عہدیداروں اور منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ نظام آباد ضلع کو دھان کی خریداری میں سرفہرست مقام پر دوبارہ قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد نے گزشتہ سیزن میں دھان کی وصولی میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا اور اب بھی اسی رجحان کو جاری رکھتے ہوئے اپنے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ربیع میں کسانوں کے ذریعہ کاٹے گئے دھان کی خریداری کے حکومت کے فیصلے کے تناظر میں وزیر ویمولا پرشانت ریڈی نے ضلع میں اپنے آبائی مقام ویلپور منڈل میں پہلے دھان خریداری مرکز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ دو دن سے دھان کی خریداری کے حوالے سے شدید الجھن کا سامنا تھا۔ لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کی فلاح و بہبود کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی سرپرستی میں یاسنگی دھان خریدنے کا یہ ایک جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں بتایا کہ 3,000 کروڑ روپے کا نقصان ریاستی حکومت خود برداشت کرے گی۔ وزیر پرشانت ریڈی نے متنبہ کیا کہ اگر کسان معیاری دھان لاتے ہیں تو کسی بھی مقام لاپرواہی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اگر ضرورت پڑی تو ایسی رائس ملوں کو ضبط کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر، ضلع زراعت افسر گوونداور دیگر موجود تھے۔