ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، تلنگانہ میں 127 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی ریکارڈ پیداوار
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ربیع سیزن کے دوران دھان کی خریدی پر 15000 کروڑ خرچ کرنے کیلئے تیار ہے اور یہ ملک کی تاریخ میں دھان کی خریدی کا سب سے بڑا آپریشن رہے گا۔ اتم کمار ریڈی نے وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ کے ہمراہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں دھان کی خریدی کا جائزہ لیا گیا۔ ربیع سیزن کیلئے آئندہ 15 تا 20 دنوں میں کسانوں سے دھان کی خریدی کا عمل جاری رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 54.89 لاکھ ایکر اراضی پر 127 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔ حکومت 8381 خریداری مراکز کے ذریعہ ریاست بھر میں تقریباً 70 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پرنسپل سکریٹری سیول سپلائیز ڈی ایس چوہان نے ضلع کلکٹرس کو دھان کی خریدی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کی پابند ہے۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ کسی بھی دشواری کی صورت میں کمشنر سیول سپلائیز سے بات کریں اور پھر بھی مسئلہ برقرار ہو تو راست مجھ سے ربط کریں۔ حکومت نے دھان کی خریدی کیلئے 15 ہزار کروڑ مختص کئے ہیں جس میں پیداوار کی امدادی قیمت اور بونس کی ادائیگی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اندرون 48 گھنٹے دھان کی رقم مل جانی چاہیئے اور تفصیلات کو ڈپارٹمنٹ کی ویب سائیٹ پر پیش کیا جائے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصانات پر حکومت نے کلکٹرس کے ذریعہ امداد کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ نئے راشن کارڈز کی اجرائی کیلئے درخواستوں کی جانچ کا کام جلد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ رائس ملرس کو بھی دھان کی خریدی میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔1