ٹی آر ایس ۔ بی جے پی میچ فکسنگ سے کسان پریشان، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کا الزام
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے انتباہ دیا کہ اگر کسانوں سے دھان کی خریدی روک دی گئی تو پرگتی بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی اور دھان کی خریدی کے سلسلہ میں حائل دشواریوں سے واقفیت حاصل کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کسانوں کو تیقن دیا کہ کانگریس پارٹی دھان کی مکمل خریدی تک حکومت پر دباؤ برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ خریف سیزن کی مکمل دھان کو حاصل کرے جبکہ ربیع سیزن کیلئے ابھی سے کسانوں کی رہنمائی کی جائے تاکہ وہ نقصان سے بچ سکیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کسانوں کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں اور ایک دوسرے پر تنقیدیں محض ڈرامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست دونوں نے اپنی ذمہ داری سے بچنے کیلئے ایک دوسرے پر تنقید کا کھیل شروع کیا ہے۔ کسانوں کو چاہیئے کہ وہ اس کھیل سے واقف ہوں اور دونوں پارٹیوں کو مناسب سبق سکھائے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ربیع سیزن کیلئے دھان کی خریدی نہ کرنے سے متعلق چیف منسٹر کا اعلان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی سماجی ذمہ داری سے فرار اختیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کئی دن سے دھان کی خریدی مراکز پر اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر کسانوں سے دھان نہیں خریدی گئی تو ریاست بھر کے کسانوں کے ساتھ پرگتی بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ر