نارائن کھیڑ ہاسپٹل کا اچانک معائنہ کے بعد ہریش راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے دھان کی خریدی کے معاملے میں مرکزی وزراء پیوش گوئل اور جی کشن ریڈی کے بیانات کو حقائق سے بعید جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے آج نارائن کھیڑ کے ایریا ہاسپٹل کا اچانک دورہ کیا ۔ مریضوں سے ملاقات کی ۔ طبی امداد ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے حسن سلوک کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ ہاسپٹل کے کچھ عملہ کی غیر حاضری پر سپرنٹنڈنٹ پر برہمی کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دھان کی خریدی کے معاملے میں عوام بالخصوص کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی وزراء کا رویہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کے ساتھ ہے مگر مرکزی حکومت دھان خریدنے سے انکار کررہی ہے ۔ انہوں نے کھلے عام مباحث کا چیلنج کیا کہ کانگریس کے دور حکومت میں کتنے دھان خریدنے کے مراکز تھے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں کتنے مراکز سے دھان خریدا جارہا ہے ۔ مباحث کے ذریعہ حقائق کا پتہ چل جائے گا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ ضلع سنگاریڈی میں 70 فیصد دھان کی خریدی کا کام مکمل ہوا ہے ۔ مزید 30 فیصد دھان خریدنا باقی ہے ۔ صرف ضلع سنگاریڈی میں 157 مراکز سے دھان خریدا جارہا ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کو دھان خریدی کے بارے میں بات کرنے کا بھی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزراء پیوش گوئل اور جی کشن ریڈی کو دھان کی خریدی کے معاملے میں تحریری طور پر مرکز سے بیان دلانے پر زور دیا ۔ مرکز کے رویے سے پانی میں بھیگے ہوئے چاول نہ خرید پانے پر افسوس کا اظہار کیا ۔۔ ن