ایڈیشنل کلکٹر ، میونسپل چیرمین اور میونسپل کمشنر کی کارکردگی کی ستائش
گجویل۔ ریاستی حکومت عزم مصمم سے شروع کردہ دھرانی پورٹل سروے کے کاموں میں خاندانوں کی تفصیلات کا اندراج کروانے میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے آبائی حلقہ گجویل میونسپلٹی کو ریاست میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ چنانچہ اس ضمن میں کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رامی ریڈی نے جاریہ ماہ کی 9 تاریخ کو ایک خصوصی منصوبہ کے علاوہ چند نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے 81 عہدیداروں پر مشتمل جملہ 27 ٹیموں کو گجویل میونسپلٹی کے تحت 20 وارڈوں میں ان دھرانی پورٹل سروے کے کاموں کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ان ٹیموں نے اندرون ایک ہفتہ سرگرم ہوکر کام کرتے ہوئے گجویل میونسپل کے تحت 8587 جائیدادوں کی تفصیلات کے منجملہ فی الحال8245 خاندانوں کی جائیدادوں کی تفصیلات یعنی 96 فیصد جائیدادوں کی تفصیلات فی الحال دھرانی پورٹل میں عاجلانہ اقدامات کرتے ہوئے درج کروایا۔ چنانچہ اس خصوص میں ضلع کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رامی ریڈی نے اس دھرانی پورٹل سروے کے کاموں میں سرگرم ہوکر کام کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں گجویل میونسپلٹی کو پہلا مقام حاصل کروانے میں سرگرم ہوکر کام انجام دینے والے ایڈیشنل کلکٹر سدی پیٹ جناب مزمل خان، گجویل میونسپلٹی چیرمین راج مولی کے علاوہ میونسپل کمشنر کرشنا ریڈی اور متعلقہ محکمہ جاتی عہدیداروں کی ستائش کی اور خوشی کا اظہار کیا۔