مرکزی ایجنسی نیشنل انفارمیٹکس سنٹر کو ذمہ داری تفویض، احکامات جاری
حیدرآباد۔22۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے دھرانی پورٹل کے امور کو مرکزی ایجنسی نیشنل انفارمیٹکس سنٹر کے حوالہ کرنے کے سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے دھرانی پورٹل کے مسائل اور مختلف امور کا جائزہ لینے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے کابینی ذیلی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اس کا جائزہ لیاگیا تھا ۔ حکومت نے دھرانی پورٹل کے امور کو نیشنل انفارمیٹکس سنٹر کے حوالہ کرنے کے سلسلہ میں کئے گئے معاہدہ کے سلسلہ میں جاری کی گئی تفصیلات میں بتایا کہ حکومت کی جانب سے 3 سال کے لئے دھرانی پورٹل کے امور کی نگرانی این آئی سی کے حوالہ کی گئی ہے اور ان تین برسوں کے دوران این آئی سی کے ذریعہ چلائے جانے کا جائزہ لینے کے بعد حکومت اس میں مزید دو سال کے لئے توسیع کے اقدامات کرسکتی ہے۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ مال و لینڈ اڈمنسٹریشن کی جانب سے اس سلسلہ میں جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 107 میں فراہمی گئی تفصیلات کے مطابق مرکزی حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے تحت چلائے جانے والے ادارہ این آئی سی کو دھرانی پورٹل 3سال کے لئے حوالہ کیاگیا ہے اور اس معاہدہ کے مطابق اس میں مزید 2سال کی توسیع کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ موجودہ کمپنی جسے دھارنی پورٹل کے امور تفویض کئے گئے تھے اس کی معیاد جاریہ ماہ 29 اکٹوبر کو مکمل ہورہی ہے اس سے قبل محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی ‘ محکمہ مرکزی انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ این آئی سی اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے درمیان 25 اکٹوبر کو مشترکہ جائزہ اجلاس سیکریٹریٹ میں منعقد کیا جائے گا اور نئے معاہدہ کے رہنمایانہ خطوط و قد و خال کا جائزہ لیا جائے گا۔3