حیدرآباد : تلنگانہ میں اراضی اور پراپرٹی رجسٹریشن کے لئے دھرانی پورٹل کا 29 اکٹوبر کو افتتاح ہونے والا ہے۔ ریاستی حکومت نے تاحال سنٹرل سرور کو اَپ گریڈ نہیں کیا ہے جو اراضی اور جائیداد کے رجسٹریشن کے لئے تمام ایم آر او دفاتر کو تیز رفتار کنکٹویٹی یعنی رابطہ فراہم کرتا ہے۔ سرور کے اپ گریڈیشن میں تاخیر سے آزمائشی طور پر تمام منڈل ریونیو دفاتر میں کئے گئے رجسٹریشن اور میوٹیشن کے کام میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ نیٹ ورک پہلے ہی تمام ایم آر او دفاتر کو فراہم کیا گیا ہے لیکن سنٹرل سرور کی اسپیڈ کم ہونے سے ریاستی ریونیو ڈپارٹمنٹ کی کوششیں متاثر ہوگئی ہیں۔ اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ تمام پراپرٹی دستاویزات کے لئے بیاک اپ اور اسٹوریج کی سہولت کے لئے حیدرآباد میں نصب کردہ سنٹرل سرور اب بھی 12 ایم بی پی ایس کی اسپیڈ سے کام کررہا ہے۔ تمام منڈل دفاتر میں حال ہی میں براڈ بینڈ سرویسس کی اسپیڈ میں اضافہ کیا گیا۔ اس کے مطابق سرور کی اسپیڈ 20 ایم بی پی ایس ہونی چاہئے تاکہ پراپرٹی سے متعلق تمام استفسارات، فائیل کی تلاش اور دستاویزات کو ڈاؤن لوڈ کرنے کا کام تیزی سے ہوسکے۔