دھرانی پورٹل سے متعلق مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی کلکٹرس کو ہدایت

   

چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس، بہتر کارکردگی پر بعض کلکٹرس کی ستائش
حیدرآباد۔/24اکٹوبر، ( سیاست نیوز)چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دھرانی پورٹل پر عوام کو درپیش مشکلات اور دشواریوں کی عاجلانہ یکسوئی کرتے ہوئے پورٹل کو مزید کارآمد بنائیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے دھرانی پورٹل پر میسر خدمات پر کامیاب عمل آوری سے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کی جانب سے دھرانی پورٹل پر کامیاب عمل آوری کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دھرانی پورٹل کے ذریعہ اراضیات سے متعلق مختلف خدمات کو ایک پلیٹ فارم کے تحت لانے کی دیگر ریاستوں نے نہ صرف ستائش کی ہے بلکہ وہ بھی اسی طرح کی سہولت شروع کرنے پر غور کررہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ پورٹل کے آغاز کے بعد سے 10.35 لاکھ سے زائد سلاٹ بک کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل پر درخواستوں کی یکسوئی کیلئے عہدیدار مسلسل مساعی کررہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زیر التواء درخواستوںکی جلد یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے مسائل کی یکسوئی میں سوریا پیٹ، رنگاریڈی، سدی پیٹ، نلگنڈہ اور میدک اضلاع نے نمایاں کام کیا ہے جس کے لئے وہاں کے ضلع کلکٹرس کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری جی اے ڈی پولٹیکل وکاس راج، کمشنر رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس سیشادری، سکریٹری محکمہ زراعت رگھونندن راؤ، سکریٹری محکمہ صحت مرتضیٰ علی رضوی، تلنگانہ ٹکنالوجیکل سرویسس کے منیجنگ ڈائرکٹر وینکٹیشور راؤ، ڈائرکٹر ایکسائیز سرفراز احمد اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ر