زرعی اراضیات کی یکسوئی میں سہولت، عنقریب مزید خدمات کا آغاز
حیدرآباد۔16 ۔ستمبر (سیاست نیوز) دھرانی پورٹل پر زرعی اراضیات کے رجسٹریشن سے حکومت کو صرف 10 ماہ کے عرصہ میں 1086 کروڑ کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ گزشتہ سال 29 اکتوبر کو دھرانی پوٹل پر زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کا آغاز ہوا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 6 ستمبر تک زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں سلاٹ بکنگ کے ذریعہ 10 لاکھ 18 ہزار سے زائد ادائیگیاں موصول ہوئی ہیں۔ دھرانی پورٹل پر 4.65 کروڑ ہٹس آئے ہیں جو کسی بھی پورٹل کے مقابلہ بہتر مظاہرہ ہے ۔ دس ماہ کے عرصہ میں اراضیات کے رجسٹریشن کے لئے 899314 سلاٹس بک کئے گئے۔ آدھار اور بائیو میٹرک شناختی طریقہ کار کے ذریعہ سلاٹ بکنگ کی جاتی ہے ۔ انفارمیشن ٹکنالوجی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے حال ہی مے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے دھرانی پورٹل کی کارکردگی اور حکومت کی جانب سے آئی ٹی شعبہ کے عوامی خدمات کیلئے استعمال کی ستائش کی تھی۔ دھرانی پورٹل پر 28 ٹرانزیکشن اور 10 انفارمیشن ماڈیول کی خدمات عوام کے لئے دستیاب ہیں۔ عوام کسی بھی رکاوٹ یا تیسرے فریق کی مداخلت کے بغیر سلاٹ بکنگ اور رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ کسانوں کو زرعی اراضیات کے سلسلہ میں کئی مسائل کا سامنا تھا اور دھرانی پورٹل سے یکسوئی میں مدد ملی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 90 فیصد مسائل کی یکسوئی کردی گئی ہے اور باقی امور کے سلسلہ میں پورٹل کو اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے دھرانی پورٹل پر مزید خدمات متعارف کی جائے گی ۔ R