حیدرآباد 19 مارچ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ بھر میں کسانوں کو دھرانی پورٹل کے ذریعہ مزید بہتر سہولیات دستیاب ہوسکتی ہیں۔ دھرانی پورٹل پر زرعی اراضیات کے ریکارڈ اور ریاست میں زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کو مزید سہل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاستی اسمبلی میں حالیہ اعلان کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ویب سائیٹ پر سات نئے طریقے کار متعارف کروائیں ۔ ان کے ذریعہ لینڈ ریکارڈز کو محفوظ کیا جائے اور اس عمل کو مستحکم کیا جائے ۔ دھرانی پورٹل کے ذریعہ لینڈ ریکارڈ کو برقرار رکھتے ہوئے معیاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ اس کے ذریعہ زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کا عمل بھی سہل ہوگیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں ایک سنگ میل پار کرتے ہوئے اس سسٹم کو وقفہ وقفہ سے بہتر بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہے تاکہ کسانوں کو اور رجسٹریشن کے عمل کو سہل بنانے میں معمولی سی بھی مشکل پیش نہ آئے ۔حکومت تلنگانہ زرعی اراضیات کے ریکارڈز کو مزید موثر بنانے کیلئے اس ویب سائیٹ پر سات نئے طریقے متعارف کروا رہی ہے ۔