دھرانی پورٹل پر زرعی اراضیات کا رجسٹریشن جاری

   

چیف منسٹر کا اظہار اطمینان، مزید خدمات شروع کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد: چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے دھرانی پورٹل پر زرعی اراضیات کے رجسٹریشن و دیگر امور کی کامیابی سے تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دھرانی پورٹل پر اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن خرید و فروخت کے علاوہ میوٹیشن کا کام چند منٹوں میں ہورہا ہے ۔ مذکورہ امور کی تکمیل میں رشوت کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں 1.6 لاکھ سلاٹس بک کئے گئے جن میں سے 80,000 کا رجسٹریشن ہوچکا ہے۔ ایسے کسان جو پانچ ایکر سے کم اراضی رکھتے ہیں، ان کی تعداد 90 فیصد ہے۔ حکومت ایسے کسانوں کی اراضیات کا رجسٹریشن اور میوٹیشن جلد مکمل کرنے کے حق میں ہے۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ زرعی اراضیات کے سلسلہ میں تنازعات کی ضلع کلکٹرس کو اندرون دو ماہ یکسوئی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل پر مزید خدمات کا جلد آغاز ہوگا جس سے کسانوں کو سہولت ہوسکتی ہے ۔ چیف منسٹر نے دھرانی پورٹل کارکردگی اور اسے بہتر بنانے پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ وزراء کے ٹی راما راؤ ، پرشانت ریڈی ، سرینواس یادو ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹریز نرسنگ راؤ ، شیشادری ، سکریٹری سمیتا سبھروال ، ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیداروں سندر ابنار ، محمد علی رفعت ، رامیا ، ضلع کلکٹرس وینکٹ رام ریڈی ، ہنمنت راؤ ، پرشانت پاٹل اور دوسروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے دھرانی پورٹل کو مزید مستحکم بنانے ضروری ہدایات جاری کیں ۔