دو گھنٹے تک جائزہ اجلاس، مرکز کے 83 کروڑ فنڈز کے بارے میں استفسار
حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں دھرانی پورٹل کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو دھرانی پورٹل پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر مال پی سرینواس ریڈی اور وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ہمراہ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ میں اجلاس طلب کرتے ہوئے دھرانی پورٹل سے متعلق عوامی شکایات کا جائزہ لیا۔ چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن نوین متل نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ دھرانی کی تفصیلات پیش کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے سوال کیا کہ اراضیات کے سروے، ڈیجیٹلائزیشن اور ٹائٹل گیارنٹی قانون کیلئے مرکز کی جانب سے موصولہ 83 کروڑ کی رقم کہاں خرچ کی گئی۔ چیف منسٹر نے رقم کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ وزراء نے اسائینڈ اراضی اور دیگر اراضیات سے متعلق سوالات کئے جس پر چیف منسٹر نے نوین متل کو اراضیات پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھرانی پورٹل سے عوام کو کافی نقصان ہوا ہے اور کسان اراضیات سے محروم ہوئے ہیں۔ عہدیداروں کی رپورٹ کے بعد حکومت پورٹل کی برقراری پر فیصلہ کرے گی۔ تقریباً دو گھنٹے سے زائد تک دھرانی پورٹل کا جائزہ لیا گیا اور چیف منسٹر نے انتخابی مہم کے دوران اپنے وعدہ کا ذکر کیا جس میں انہوں نے دھرانی پورٹل منسوخ کرنے اور نیا پورٹل متعارف کرنے کا تیقن دیا تھا۔