دھراوتھ تھانڈے کا ہی دورہ کیوں رکن اسمبلی یشاسوینی کا سوال

   

جنگاؤں ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ’ بی آر ایس کے قائدین صرف دھروتھ تھانڈا پر ہی کیوں جمع ہورہے ہیں ‘ ۔ پالا کورتی رکن اسمبلی ایم یشاسوینی ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اس تھانڈے میں اتوار کو خشک سالی سے متاثرہ ایک کسان کے گھر کے دورہ کے بعد یہ سوال کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای دیاکر راؤ ، ٹی ہریش راؤ اور کے سی آر سب نے دھراوتھ تھانڈے میں ایک مخصوص کسان کو تسلی دی جس کے صرف آدھا ایکر پر فصل کو نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی کے لیے کانگریس حکومت کو مورو الزام ٹہرانا مضحکہ خیز ہے ۔ کانگریس موسم بارش کے بعد دسمبر میں برسر اقتدار آئی ۔ میڈی گڈھ بیاریج کے جزوی گرجانے سے بھی آبپاشی سربراہی متاثر ہوئی ہے ۔ یشاسوینی ریڈی نے کہا کہ ای دیاکر راؤ پالاکورتی اور چنور ذخائر آب کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ۔ پالاکورتی کی رکن اسمبلی نے کہا کہ ’ بی آر ایس کے دورِ حکومت میں کسی کسان کو کوئی معاوضہ نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کے سی آر کے دعویٰ کو دھونس قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر جو اسمبلی اجلاسوں میں شرکت پر توجہ نہیں دیتے تھے آخرکار اپنے فارم ہاوز سے باہر آگئے ہیں ۔۔