دھرمیندر پردھان نے ڈیجیٹل تعلیم کے اقدامات کا جائزہ لیا

   

نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے پی ایم ای۔ ودیا، قومی ڈیجیٹل ایجوکیشن آرکیٹیکچر (این ڈی ای اے آر) اور ‘سویم’ سمیت تعلیم کی وزارت کے مختلف ڈیجیٹل تعلیمی اقدامات کا منگل کے روز جائزہ لیا۔ پردھان نے تعلیم میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کھلی، جامع اور قابل رسائی تعلیم کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم میں ایک متحرک ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام طلبا کے لئے سیکھنے کے مواقع کو وسعت فراہم کرے گا ، اس سے تعلیم کے شعبے میں جدت طرازی اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔وزیر موصوف نے اس بات کا بھی ذکر کہ عالمی وبا کووڈ-19 نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ اب تعلیم کے ڈیجیٹل ذریعہ کی طرف رخ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے وزارت نے جو ڈیجیٹل اقدامات اٹھائے ہیں اسے مزید مضبوط کیا جائے گا اور منصوبہ بند طریقے سے اسے ادارہ جاتی بنایا جائے گا۔ اس دوران تعلیم کی وزیر مملکت محترمہ ان پورنا دیوی، وزیرمملکت جناب راج کمار رنجن سنگھ اور وزیرمملکت ڈاکٹر سبھاش سرکار نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔ وزارت کے اعلی عہدیداروں نے ان اقدامات کے بارے میں ان وزراء کو تفصیلی جانکاری فراہم کرائی۔