حیدرآباد ۔ /27 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم نے حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈرومس مکانات فراہم کرنے میں ناکامی کے خلاف دھرنا کے کامیاب رہنے کا ادعا کیا اور بتایا کہ حکومت کے اعلانات اور عوام کو دھوکوں کے خلاف دھرنا میں عوام ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوئے جو حکومت کیخلاف مخالفت کا اظہار ہے ۔ تلگودیشم قائدین مسرس پی سائی بابو ، این کشور ، سریتپی پروین ، ایم مدھوکر ، ظہیرالدین ثمر ، سید الہام حسین ، امجد علی خان ، بالی راج گوڑ ، بی رویندر ، چاری ، ایم کے بوس ، گنگادھر گوڑ اور دیگر قائدین نے اس بات کا ادعا کیا کہ انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ تلگودیشم کا دھرنا کامیاب رہا ۔ ٹی آر ایس حکومت کے تیقنات و وعدوں میں کسی کو پورا نہ کرنے کے نتیجہ میں عوام میں حکومت کے خلاف غصہ و برہمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف عوام اقدامات کررہی ہے اور فلاح و بہبود کو نظر انداز کررہی ہے جس کی وجہ سے عوام میں حکومت کے تعلق سے مخالفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سال میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ عوام سے کئے وعدوں اور تیقنات کو پورا کرنے میں ناکام ہوئے ۔ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف تلگودیشم کے منظم کردہ دھرنا میں عوام ازخود رضاکارانہ طور پر بھاری تعداد میں شرکت کرکے دھرنا پروگرام کو کامیاب بنایا ۔