ممبئی ، 28 ڈسمبر (ایجنسیز) فلم ’دھرندھر‘ کی شاندار کامیابی کے بعد عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنے والے اکشے کھنہ نے اجے دیوگن کی بلاک بسٹر فرنچائز ’درشیم‘ کے تیسرے سیکوئل میں کام کرنے سے صرف ایک ٹیکسٹ میسج کے ذریعے انکار کر دیا۔ ’درشیم 3‘ کے پروڈیوسر کمار منگت پاٹھک نے اکشے کھنہ کے اس رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ نوٹس میں بتایا گیا کہ اکشے کھنہ نے گزشتہ ماہ باضابطہ معاہدہ پر دستخط کئے تھے۔ انھیں اڈوانس رقم بھی ادا کردی تھی۔ پروڈیوسر پاٹھک نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم دو سال سے درشیم 3 پر کام کر رہے ہیں۔ اکشے کو فلم کی مکمل اسکرپٹ بھی سنائی گئی جو انھیں بے حد پسند بھی آئی۔ تاہم انھوں نے معاہدہ پر دستخط ہونے اور سائننگ اماؤنٹ لینے کے بعد فلم میں کام کرنے سے اچانک منع کردیا۔ پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ اکشے کھنہ کا کردار فلم کیلئے نہایت اہم ہے کیونکہ وہ ’درشیم 2‘ میں نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔ ان کی اچانک علیحدگی سے فلم کی پلاننگ، شوٹنگ شیڈول اور تسلسل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاحال اکشے کھنہ نے اس قانونی نوٹس پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔ دیکھنا ہے آیا اکشے اپنا موقف سامنے لائیں گے یا یہ معاملہ عدالت تک جائے گا۔ اکشے کھنہ نے ’درشیم 2‘ میں انسپکٹر جنرل کا کردار نبھایا تھا جسے شائقین اور ناقدین نے بے حد سراہا تھا۔ یہ فلم 18 نومبر 2022 کو ریلیز کی گئی اور سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔
