دھرنی پورٹل مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت

   

جگتیال کلکٹر جی روی کی مختلف امور پر تحصیلداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

جگتیال:کاشت کیلئے استعمال کئے جانے والے ٹریکٹروںکے ذریعہ ریت اور مٹی کی غیر قانونی طور پر منتقلی پر سخت کاروائی کرنے جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے عہددیداروں کو ہدایت دی۔ انھوں نے اپنے دفتر سے زوم ویبنار کے ذریعہ ضلع جگتیال سے متعلقہ تحصیلداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا کہ ریت اور مٹی کی غیر قانونی منتقلی پر سخت نظر رکھی جائے۔کاشت کیلئے استعمال کئے جانے والے ٹریکٹروں میں غیر قانونی طور پر ریت اور مٹی کی منتقلی سے متعلق محکمہ پولیس کے ساتھ اجلاس کا انعقادعمل میں لاکر ایسے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے آئندہ اس اقدام کو نہ انجام دینے کا انتباہ دیا جائے۔ بصورت دیگر بھاری جرمانہ عائد کرکے ان کی سواریوں کو بائینڈ اوور کیا جائے۔شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی سے متعلقہ درخواستوں کی مالی سال کے اختتام سے قبل یکسوئی کرنے کی ضلع کلکٹر نے تحصیلداروںکو تاکیدکی۔دھرنی پورٹل میں دیئے جانے والے نئے آپشن سے مکمل واقفیت حاصل کرتے ہوئے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کریں۔شناخت کردہ سرکاری اراضی کا تحفظ کیا جائے اور ریکارڈ کے مطابق اوقاف،منادر،سیلنگ اورمقبوضہ اراضی،وقف شدہ اراضی،انعامی لینڈ سے متعلقہ تفصیلات کی بھی جانکاری حاصل کی جائے۔مقبوضہ اراضی کی نشاندہی کریں۔تفویض کردہ سرکاری اراضی،سیلنگ، وقف کردہ اراضی، ایل پی ایس اراضی کی تفصیلات کی جانکاری اور مقام کامعائنہ کرتے ہوئے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے۔ای آفس سے متعلقہ فائیلوں کی عاجلانہ تکمیل کی جائے۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے تحصیلداروں سے زیر التؤاء فائیلوں کی تفصیلات کی جانکاری حاصل کی۔ای آفس میں تین دنوں سے زائد فائیلوں کو زیر التواء نہ رکھا جائے۔ اس موقع پر آر ڈی او جگتیال محترمہ مادھوری، آر ڈی او کورٹلہ ونود کمار، تحصیلدار اور دفتر ضلع کلکٹر کے سپرنٹنڈنٹ نے شرکت کی۔