دھماکوں، زلزلوں سے مزاحمتی صلاحیت کی حامل عمارتوں کی تعمیر پر زور

   

ماحولیات کے لئے سازگار کانکریٹ کے استعمال کا مشورہ۔ سیول انجینئرنگ پر تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا اختتام
حیدرآباد۔ 20؍دسمبر۔ ( پریس نوٹ ) ۔ سیول انجینئرنگ پر تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں اختتام عمل میں آیا۔ جس میں ماہرین فن تعمیر نے نئے انجینئرس کو مشورہ دیا کہ وہ ماحولیات کے لئے سازگار کانکریٹ استعمال کریں اور دھماکوں، زلزلوں سے مزاحمتی صلاحیت کی حامل عمارتیں تعمیر کریں۔ ماہرین نے اس خیال کا اظہار کیا کہ سیول انجینئرس کو تیزی سے پھیلتے ہوئے شہری علاقوں، صنعتی علاقوں گلوبل وارمنگ، ماحولیات کی تبدیلی، سے درپیش چیالنجس سے ہم آہنگ ٹکنالوجی استعمال کریں۔ اور ایک بہتر صحت مند پائیدار سماج کو یقینی بنانے کی طرف توجہ مرکوز کریں۔ تین روزہ کانفرنس میں ترکی کے قونصل جنرل ڈاکٹر عدنان التینوس نے مفید مشورے دیئے۔ وہ خود بھی انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کے ڈگری کے حامل ہیں۔ ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی تھائی لینڈ کے پروفیسر پننگ وارنشی، پروفیسر نورالدین یونیورسٹی آف الجیریاء، ڈاکٹر محمد الیاس یوسف ملیشیا، ڈاکٹر وافق ناصر مصر، ڈاکٹر پرینکا الوری اسسٹنٹ پروفیسر فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی نے سیول انجینرننگ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ ایم جے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے طلبہ نے مہمان مندوبین سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے پروجیکٹ ڈائرکٹر ایم پی نائیڈو نے میٹرو ریل کے شہری اور اس کے نواحی علاقوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح سے دریائے گوداوری کے کناروں پر رہنے والوں کے لئے میٹرو ریل، گیاس پائپ لائن کے احیاء کے پراجکٹ میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔ جناب ظفر جاوید نے مہمان مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ جناب خان لطیف خان نے صدارت کی۔ ڈاکٹر اکبر علی خان اور ڈاکٹر بشیر احمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہمانوں میں مومنٹوز تقسیم کئے گئے اور ایم جے کالج کے سابق طلبہ کو تہنیت پیش کی گئی۔