دھماکہ خیز مواد سے بھری حوثی کشتی ناکارہ

   

ریاض ۔23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’ایران کی پشت پناہی سے کام کرنے والی حوثی ملیشیا کی طرف سے آج اتوار کو بحر احمر میں تخریب کاری کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنا دیا گیا ہے‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’حوثی باغیوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری کوئی ریموٹ کنٹرول کشتی بحر احمر میں روانہ کی تھی‘۔ترجمان نے بتایا ہے کہ ’حوثیوں نے الحدیدہ کے ساحل سے کشتی روانہ کی تھی جسے اتحادی افواج کے محافظوں نے بر وقت دیکھ کر ناکارہ بنا دیا ہے‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’حوثی باغی بحر احمر میں بین الاقوامی سمندری گزرگاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے‘۔انہوں نے بتایا ہے کہ ’گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بحر احمر میں حوثیوں کی تین بارودی سرنگیں بھی ناکارہ بنائی ہیں‘۔