دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے

   

حقوق کے حصول تک احتجاج جاری رکھنے آر ٹی سی ملازمین کا عہد

سنگاریڈی۔/6 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی میں تلنگانہ اسٹیٹ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال آج 33 ویں دن میں داخل ہوگئی۔ ٹی آر ٹی سی جے اے سی کی جانب سے نیو بس اسٹانڈ سنگاریڈی کے روبرو آر ٹی سی ملازمین نے زبردست احتجاجی راستہ روکو منظم کیا جس کی وجہ سے ٹریفک نظام میں خلل واقع ہوا۔ بعد ازاں پولیس نے ٹریفک کو بحال کیا۔ اس موقع پر سی پی آئی، سی پی ایم اور جنا سمیتی پارٹیوں کے قائدین نے ٹی آر ٹی سی ملازمین کے راستہ روکو احتجاج و دیگر پروگرامس میں شرکت کرتے ہوئے ان سے اظہار یگانگت کیا ۔ بعد ازاں ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین نے احتجاجی دھرنا منعقد کیا جس میں پیریا آر ٹی سی جے اے سی کوکنوینر، پی ایس نارائنا آر ٹی سی جے اے سی کوکنوینر، محمد افسرپٹیل کوکنوینر ٹی آرٹی جے اے سی، ڈپو سکریٹری کرشنا ریڈی، جوائنٹ سکریٹری وی سرینواس کے علاوہ پرکاش راؤ، سی پی آئی و دیگر قائدین نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے جائز مسائل کی یکسوئی کو نظر انداز کررہی ہے ۔ ان قائدین نے حکومت پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین پرامن انداز میں ہڑتال کررہے ہیں لیکن حکومت کے پاس عوام کی خدمات کی انجام دہی کرنے والوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ آر ٹی سی ملازمین دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں بلکہ اپنے حقوق کے حصول تک اپنے احتجاج کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 5 نومبر کی آدھی رات تک رجوع بکار ہوجانے کی آر ٹی سی ملازمین کو ہدایت دی گئی تھی لیکن ملازمین آر ٹی سی جے اے سی کی قیادت پر بھروسہ کرتے ہوئے حکومت کی ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے ہنوز رجوع بکار نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ فی الفور آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی عمل میں لائے ۔ اس موقع پر احتجاجی آر ٹی سی ملازمین کی کثیر تعداد موجودتھی۔