دھمکیوں کیساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے: خامنہ ای

   

تہران : 24ستمبر ( ایجنسیز ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات ختم ہوچکے ہیں، حالیہ صورتحال میں امریکہ سے مذاکرات ہمارے مفادات کا تحفظ نہیں کریں گے۔آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں نیوکلیئرہتھیاروں کی ضرورت نہیں اور نہ ہی بنانے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یورنیئم افزودگی کے معاملے میں ایران کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ حالیہ صورتحال میں امریکہ سے مذاکرات نقصان دہ ہونگے، امریکہ چاہتا ہے ہمارے پاس مڈ رینج اور دیگر میزائل نہ ہوں۔خامنہ ای نے مزید کہا کہ دھمکیوں کے زیر اثر مذاکرات کرنا دباؤ کے آگے ہتھیار ڈالنا ہے۔

امریکی سیاستداں کو کرپشن کیس میں 3 سال قید کی سزا
نیویارک : 24 ستمبر ( ایجنسیز ) امریکی سیاستداں کو کرپشن کیس میں 3 سال قید کی سزا سنادی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی کے ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر 66 سالہ گلین کاساڈا کو فراڈ کرنے کے لیے فرضی نام کے استعمال اور منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق گلین کاساڈا کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، ان کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے۔امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گلین کاساڈا کے سابق چیف آف اسٹاف 38 سالہ کیڈ کوتھرین کو گزشتہ ہفتے اسی الزام میں 30 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔گلین کاساڈا کو 30 ہزار جبکہ کیڈ کوتھرین کو 25 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔