دھناسری گاؤں کے 34 جوان فوج میں برسر خدمت

   

کوہیر 10 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی کے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے موضع دھناسری گاؤں کے عوام فرط مسرت سے جھوم رہے ہیں کیوں کہ اس چھوٹے سے گاؤں میں جو ریاست تلنگانہ کے سرحدی علاقہ میں موجود ہے، اس گاؤں سے 34 نوجوان انڈین آرمی میں خدمات انجام دیتے ہوئے ملک کی حفاظت کے لئے اپنی جان قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اس وجہ سے اس گاؤں کے ہر شخص کا سر فخر سے اونچا ہورہا ہے۔ اس موقع پر محمد مقصود علی سابق ایم پی ٹی سی مگڑم، سید رحمت علی ساکن دھنا سری نے بتایا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے اس چھوٹے سے گاؤں کے 34 نوجوان انڈین آرمی میں خدمت گذار ہیں اور اپنے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے سرحدوں پر متعین ہیں۔ انھوں نے کہاکہ 140 کروڑ ہندوستانی عوام ہر قدم پر ان جوانوں کے ساتھ کھرے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اِن 34 جوانوں میں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے نوجوان موجود ہیں۔ یہاں پر تمام مذہب کے ماننے والے لوگ بڑے ہی سکون و اطمینان کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس گاؤں سے دیگر سرکاری ملازمتوں میں بھی نوجوان اپنی خدمت انجام دے رہے ہیں۔