دھنکھڑ استعفیٰ کے بعد پہلی بار کسی عوامی تقریب میں نظر آئے

   

نئی دہلی، 12 ستمبر (یواین آئی) سابق نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد جمعہ کو پہلی بار ایک عوامی تقریب میں دیکھا گیا۔ دھنکھڑ نائب صدر جمہوریہ کے طور پر سی پی رادھا کرشنن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے راشٹرپتی بھون آئے تھے ۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی اور ان کو دیگر معززین کے ساتھ اگلی صف میں بیٹھایاگیا۔ وینکیا نائیڈو، حامد انصاری بھی ان کے ساتھ بیٹھے نظر آئے ۔ دھنکھڑ کے تقریب میں پہنچنے پر وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کی ملاقات ہوئی اور مسٹر شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بی آر گوائی نے بھی دھنکھڑ سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ جب رادھا کرشنن حلف برداری کی تقریب کے لیے پہنچے تو دھنکھر نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے چند لمحے ایک دوسرے سے بات چیت کی۔ غور طلب ہے کہ دھنکھڑ نے صحت کی وجوہات کی بنیاد پر 22 جولائی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ڈیڑھ ماہ سے زیادہ کسی پروگرام میں نظر نہیں آئے ۔ اس پر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے بھی سوالات اٹھائے تھے ۔