دھونی ، گیل، اسٹین اور ملنگا کے کریر پرکورونا کے اثرات

   

سینئر کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں بہتر مظاہروں پر توجہ مرکوز تھی اب سبکدوشی کا امکان

دبئی۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) مہندر سنگھ دھونی ، اے بی ڈیویلئرس جیسے کچھ کرکٹرس کیلئے آئی پی ایل ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے اپنے ملک کی ٹیم میں جگہ بنانے کا واحد راستہ ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل کو 15 اپریل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے کچھ کرکٹرس کا کریر خطرے میں پڑ گیا ہے۔گزشتہ سال ہوئے ورلڈ کپ کے بعد سے ہی ایم ایس دھونی کرکٹ سے دور ہیں اور قومی ٹیم میں واپسی کرنے کیلئے ان کے پاس آئی پی ایل ہی ایک موقع ہے۔ آئی پی ایل کی کارکردگی پر دھونی کا مستقبل بھی مرکوز ہے ، لیکن اب ان کی واپسی کا امکان نہ کے برابر نظر آرہا ہے۔ سال 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے والے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈیویلیئرس ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے سبکدوشی سے واپسی کرنا چاہتے ہیں لیکن طویل عرصہ تک انٹرنیشنل کرکٹ سے دوررہے ڈیولیئرس کو اس سے پہلے خودکو ثابت کرنا ہوگا اور ان کے پاس آئی پی ایل ہی آخری موقع ہے۔ یہاں ان کی کارکردگی ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی راہ ہموار کرے گی۔ ڈیویلئرس رائل چیلنجرس بنگلورو ٹیم کا حصہ ہیں۔مبئی انڈینس کے اسٹار اور تجربہ کار فاسٹ بولر36 سال کے لستھ ملنگا نے سری لنکا ٹیم کیلئے آخری ٹسٹ 2010 اور آخری ون ڈے 2019 میں کھیلا تھا۔ انہوں نے اپنا آخری ٹی20 مقابلہ مارچ 2020 میں کھیلا۔ آئی پی ایل میںکارکردگی ان کی ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ طے کرے گی۔ ان کے حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے ان پر بھی سبکدوشی کا دباو بڑھنے لگا ہے۔رائل چینلجر بنگلورو کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کا کریر زخموں کی وجہ سے خطرے میں ہے۔ انہوں کی کوشش انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی تھی اور ان کی کوشش زیادہ سے زیادہ ٹورنمنٹ کھیل کر اپنے کریر کو مزید طویل کرنے کی تھی ، لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے سبھی میچوں کوملتوی کردیا گیا ہے۔ پہلے پی ایس ایل درمیان میں ہی ملتوی ہونے اور پھر آئی پی ایل کے ملتوی ہونے سے ان کے کریرکو جھٹکا لگا ہے۔ اس وبا کی وجہ سے کرکٹ میچ نہ ہونے سے ڈیل اسٹین بھی کافی مایوس ہیں۔ 40 سالہ کرس گیل کا کریرآخری مرحلے میں ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال ہی اعلان کردیا تھا کہ ورلڈ کپ ان کا آخری ٹورنمنٹ ہے لیکن اس کے بعد انہوں نے اپنے فیصلے کو بدل دیا۔ حالانکہ اگست 2019 کے بعد سے ہی انہیں ٹیم میں جگہ بھی نہیں ملی ، لیکن ان کی کوشش اپنے کریر کا آخری ٹی 20 میچ کھیلنے پر اور اس کیلئے انہیں ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ میچ کھیلے ہوں گے۔ خود کو ثابت کرنے کیلئے ان کے پاس بھی دھونی اور ڈیویلیئرس کی طرح آئی پی ایل ہی واحد راستہ ہے۔ کرس گیل کنگس الیون پنجاب ٹیم میں ہیں۔