دھونی اور جڈیجہ نے ہمیں پریشان کردیا تھا:بولٹ

   

مانچسٹر۔ 12جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے اعتراف کیا کہ مہندر سنگھ دھونی اور رویندر جڈیجہ کے مابین ہوئی شراکت نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک وقت تشویش میں ڈال دیا تھا اور انکی شراکت سے میچ میں کچھ بھی ممکن تھا۔بولٹ نے کہا کہ دھونی اور جڈیجہ نے ہم پر دباو بنا دیا تھا اور دونوں کے کریز پر رہنے تک میچ میں کچھ بھی ہوسکتا تھا لیکن مجھے خوشی ہے کہ ہم وقت رہتے میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثر سیمی فائنل میں ہندوستان کو 240 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن ہندوستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر پوری طرح ناکام رہا اور چار وکٹ محض 24 رنز کے اسکور پر ہی گر گئے تھے۔ اس کے بعد ہندوستانی اننگز کو وکٹ کیپر دھونی اور اسپنر جڈیجہ نے سمجھداری سے کھیلتے ہوئے 116رنز کی اہم شراکت کرکے سمنبھالا لیکن آخر میں دونوں اپنے وکٹ گنوا بیٹھے اور ہندستان مقابلہ میں شکست کھا گیا۔میچ میں پہلے کپتان ویراٹ اور بعد میں جڈیجہ کا وکٹ لینے والے فاسٹ بولر بولٹ نے کہاکہ اس پچ پر نئی گیند کافی سوئنگ کررہی تھی اور ہم ایسی ہی شروعات کرنا چاہتے تھے۔ ہم جانتے تھے کہ ہم بہتربولنگ کرکے کسی بھی ٹیم کو پریشانی میں ڈال سکتے ہیں۔ ہم نے اچھی بولنگ کی اور ہندوستان پر دباو بنانے میں کامیاب رہے۔ فائنل کھیلنے کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ہم لارڈس میں فائنل کھیلنے کے لئے پر جوش ہیں اور ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمیں اس مقابلے میں کس کے خلاف کھیلنا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی اہل ہے۔