دھونی دوسال کیلئے چینائی کی نمائندگی کریں گے : سری نواسن

   

چینائی۔20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر اور آئی پی ایل ٹیم چینائی سوپر کنگز کے مالک این سری نواسن نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر کپتان مہندرسنگھ دھونی ٹیم کی جانب سے کھیلیں یا نہ کھیلیں وہ لیگ کے 2020 میں ٹیم کا حصہ ضرور بنیں گے۔ چینائی ٹیم کے مالک انڈیا سیمنٹ کے نائب صدر اور ڈائریکٹر سری نواسن نے کہا ہے کہ آئی پی ایل 2020 میں دھونی چینائی کی جانب سے کھیلیں گے اور 2021 کے آئی پی ایل سے پہلے ہونے والی نیلامی میں انہیں رٹین بھی کیا جائے گا۔ سری نواسن نے انڈیا سیمنٹ کے ایک پروگرام میں کہاکہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ دھونی کب سبکدوش ہوں گے، وہ کب تک کھیلیں گے۔ میں صرف آپ کو اس بات کا یقین دلا سکتا ہوں کہ وہ اس سال کھیلیں گے۔ اگلے سال وہ نیلامی میں جائیں گے اور فرنچائز انہیں رٹین کرے گی۔ اس لئے کسی کے ذہن میں یہ شک نہیں ہونا چاہیے۔38 سالہ دھونی ایک فعال کھلاڑی ہیں لیکن انہوں نے 2019 ورلڈکپ کے بعد سے ہندستان کے لئے نہیں کھیلا ہے اور انہیں اب بی سی سی آئی نے سنٹرل کنٹراکٹ سے بھی باہر کر دیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی سابق کپتان کے کریئر پر سوالیہ نشان ہیں۔وہیں قومی کوچ روی شاستری نے حال ہی میں کہا تھا کہ دھونی کو ٹیم میں منتخب ہونے کا فیصلہ ان کے انڈین پریمیئر لیگ میں مظاہرے پر انحصار کرے گا۔ دھونی سب سے زیادہ کامیاب کپتانوں میں ہیں جن کی قیادت میں ہندوستان نے 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور2011 کے ورلڈ کپ میں جیت درج کی ہے۔ اس کے علاوہ 2013 میں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی فاتح بھی بنا۔ دھونی اپنی کپتانی میں چینائی کو تین مرتبہ آئی پی ایل چمپئن بنا چکے ہیں۔