دھونی سے آگے پنت پر توجہ مرکوز کرچکے :پرساد

   

ممبئی۔26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ایک مرتبہ پھر مہندر سنگھ دھونی پر اپنے خیالات واضح کرتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ اب دھونی سے آگے بڑھ چکا ہے اور رشبھ پنت جیسے نوجوانوں کو موقع دینے پر ان کی توجہ ہے۔ پرساد نے انگلینڈ میں ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد ہی کہہ دیا تھا کہ دھونی کو سبکدوشی کے بارے میں غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد سے ہی سابق کپتان ہندوستانی کرکٹ ٹیم سے باہر ہیں جبکہ جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے 15 رکنی معلنہ ٹیم میں بھی دھونی کی غیر موجودگی نے ان کے مستقبل کو پر رواں بحث کو ایک بار پھرتیز کردیا ہے۔ دھونی مسلسل تیسری سریز سے باہر ہیں۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے ٹیم کے اعلان کے بعد پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ بورڈ کی ٹیم کے انتخاب سے پہلے دھونی سے بات چیت ہوئی تھی جنہیں ٹیم میں نوجوانوں کو موقع دیئے جانے کی منصوبہ بندی کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ پرساد نے ساتھ ہی کہا کہ خود دھونی نے بورڈ کے نوجوانوں کو آگے لانے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ دھونی ٹسٹ سے کافی پہلے سبکدوش ہوچکے ہیں اور اس سال جون میں انگلینڈ میں ونڈے ورلڈ کپ کھیلنے کے بعد ہی وہ میدان سے باہر ہیں۔ پرساد نے یہ تو نہیں کہا کہ دھونی کو باہرکر دیا گیا ہے لیکن انہوں نے کہاکہ ہماری واضح سوچ یہ ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد ہم مکمل طور پر رشبھ پنت پر توجہ مرکوزکر رہے ہیں۔ جب انہیں اس معاملے پر کئی سوال کئے ، تو پرساد نے کہاکہ میں نے ورلڈ کپ کے بعد ہی کہا تھا کہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔