دھونی سے چوکنا رہنے آئی سی سی کا بیٹسمینوں کو انتباہ

   

دبئی ۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) مہندرسنگھ دھونی کو دنیا کا سب سے بڑا میچ فنیشر تو کہا ہی جاتا ہے ، لیکن ساتھ ہی وکٹوں کے پیچھے ان کی چالاکی اور برق رفتاری کی بھی پوری دنیا قائل ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ونڈے میں بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے کو ملا۔ دھونی نے کیوی بیٹسمین جمی نیشم کو زبردست انداز میں رن آوٹ کیا ، جس کے بعد ہندوستانی ٹیم کی کامیابی پر مہر لگ گئی اور اس نے ونڈے سیریز 4-1 سے اپنے نام کرلی۔ اس مقابلے میں دھونی کے ذریعہ برق رفتاری اور انتہائی چالاکی کے ساتھ کئے گئے اس رن آوٹ کی آئی سی سی نے بھی کافی ستائش کی ہے اور اس نے ٹویٹر پر دنیا بھر کے بیٹسمینوںکیلئے ایک انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ آئی سی سی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جب دھونی وکٹ کے پیچھے کھڑے ہوں تو کبھی اپنی کریز نہ چھوڑیں۔ دھونی نے یہ رن آوٹ نیوزی لینڈ کی اننگز کے 37 ویں اوور میں کیا۔ دراصل کیدار جادھو کی گیند پر نیشم شاٹ کھیلنے کیلئے گئے لیکن گیند کو سمجھ نہیں پائے اورگیند ان کے پاوں پر لگی ، جس کے بعد ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل ہوئی۔ امپائر نے نیشم کوناٹ آوٹ قرار دیا لیکن امپائر کو دیکھتے ہوئے نیشم اسی درمیان کریز سے باہر نکل گئے لیکن دھونی کی نظریں گیند پر تھیں اور انہوں نے جیسے ہی نیشم کو باہر جاتے دیکھا ، فورا گیند اسٹمپ پر ماردی اور اس طرح امپائر کو ایل بی ڈبلیو نہ سہی ، رن آوٹ کے طور پر نشیم کو آوٹ قرار دینا پڑا۔ میزبان ٹیم نے یہ میچ 35 رنز سے گنوادیا۔