دھونی نے رن آوٹ سے بچنے کی صدفیصد کوشش نہیں کی:اختر

   

کراچی ۔ 12جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ایک کھلاڑی جو وکٹوں کے درمیان دوڑتا نہیں بلکہ اڑتا ہے ، ایک بیٹسمین جس کی وکٹ کے درمیان دوڑکا کوئی ثانی نہیں ، دنیا میں شاید ہی کوئی کھلاڑی ہوگا جو مہندرسنگھ دھونی کو اس معاملہ میں پیچھے چھوڑ سکے لیکن دھونی کی یہ تیز رفتاری ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں ان کے کام نہیں آسکی۔ دھونی 50 رن بناکر رن آوٹ ہوئے اور ان کے آوٹ ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو سمٹنے میں دیر نہیں لگی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔ دھونی بھلے ہی ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے لیکن ان کی اننگز کی تعریف ہرکوئی کررہا ہے لیکن سرحد پار پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے دھونی پر سوال کھڑے کردئے ہیں۔ شعیب اختر نے ہندوستانی ٹیم کی شکست کے بعد دھونی کی تعریف ضرورکی لیکن اس کے ساتھ انہوں نے ہندوستان وکٹ کیپر کی دوڑ پر سوال بھی کھڑاکردیا۔ شعیب اختر کے مطابق دھونی نے رن آوٹ ہونے سے بچنے کیلئے صد فیصدکوشش نہیں کی۔ شعیب اختر نے کہا ہے کہ دھونی کو رن آوٹ ہونے سے بچنے کیلئے ڈائیو لگانی چاہئے تھی۔ شعیب اختر نے کہا کہ دھونی ایک لیجنڈکھلاڑی ہیں اور وہ اپنی ٹیم کے غضب کے بیٹسمین ہیں لیکن انہیں رن آوٹ ہونے سے بچنے کیلئے ڈائیو لگانی چاہئے تھی۔ خیال رہے کہ دھونی ہندوستانی اننگز کے 49 ویں اوورس میں رن آوٹ ہوئے جیسا کہ مارٹن گپٹل نے شاندار تھرو سے دھونی کو آوٹ کیا۔ دھونی اورکریز کی لائن کے درمیان صرف ایک انچ کا فاصلہ رہ گیا تھا۔