دھونی نے گنگولی کو دیا تھا انکے آخری ٹسٹ میں کپتانی کا موقع

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے دو سب سے کامیاب کپتان مہندر سنگھ دھونی اور سورو گنگولی کی سالگرہ ایک دن بعد میں ہی آتی ہے اور یہ دلچسپ بات ہے کہ دھونی نے ان کے آخری ٹسٹ کے آخری روز ہندوستان کی کپتانی دے کر گنگولی کواعزاز کے ساتھ وداعی کا موقع دیا تھا۔7 جولائی کو دھونی کی عمر39 سال ہوئی جبکہ گنگولی8 جولائی کو48 سال کے ہوگئے ۔ ہندوستان کو دو بار ورلڈ کپ جتانے والے دھونی نے گنگولی کو اپنے آخری ٹسٹ کے آخری دن ہندوستان کی کپتانی سنبھالنے کا موقع فراہم کیا تھا۔بات2008 میں آسٹریلیا کے خلاف ناگپور ٹسٹ کی ہے ۔ یہ گنگولی کا آخری ٹسٹ تھا انہوں نے چار ٹسٹ کی اس سیریز سے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ ان کی آخری سیریز ہوگی۔ گنگولی سیریز کے چاروں ٹسٹ کھیلے اور مجموعی طور پر324 رنز بنائے ۔ گنگولی نے ناگپور میں اپنے آخری ٹسٹ میں85 اور صفر کے اسکور کئے ۔آخری ٹسٹ میں ہندوستان کو جیت کے لئے ایک وکٹ کی ضرورت تھی اور جب اس میچ میں ہندوستانی ٹیم آخری دن میدان میں قدم رکھ رہی تھی تو دھونی نے ایک بے مثال قدم کیا اور گنگولی پر زور دیا کہ وہ ٹیم کو اپنی قیادت میں لیں اور اپنے مطابق فیلڈ سجائیں۔ہندوستان نے میچ جیت کر بارڈر گواسکر ٹرافی کو 2-0 سے برقرار رکھا۔ ہندستان کے سب سے کامیاب کپتانوں میں سے ایک گنگولی کو ہندوستانی کرکٹ کا سنہری باب سمجھا گیا تھا ۔