دھونی کا اپنے بزنس پارٹنرز پر فراڈ کا مقدمہ

   

نئی دہلی : سابق ہندوستانی کرکٹر ایم ایس دھونی نے اپنے بزنس پاٹنرز کے خلاف کروڑوں روپئے کے فراڈ کا کیس دائر کردیا۔ میڈیا کے مطابق سابق کپتان دھونی نے اپنے دو سابق کاروباری شراکت داروں کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر کیا جس میں دھونی نے الزام عائد کیا ہیکہ ان کے بزنس پارٹنرز نے کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کے معاہدے کی پاسداری نہ کرکے ان کے ساتھ تقریباً 16 کروڑ روپئے کا فراڈ کیا ہے۔ دھونی کے وکیل دیانند سنگھ نے کہا کہ یہ مقدمات مقامی عدالت میں ایک اسپورٹس مینجمنٹ کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز میہر دیواکر اور سومیا بسواس کے خلاف درج کرائے گئے ہیں۔ دھونی کے وکیل نے کہا کہ ملزمان نے 2017 میں انڈیا اور بیرون ملک کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کیلئے دھونی سے رابطہ کیا تھا اور ابتدائی طور پر اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ کرکٹر کو پوری فرنچائز فیس ملے گی اور یہ منافع دھونی اور شراکت داروں کے درمیان 70 اور 30 فیصد کی بنیاد پر بانٹا جائے گا لیکن پارٹنرز نے سابق کرکٹر کے علم میں لائے بغیر کرکٹ اکیڈمیاں بنائیں اور دھونی کو کوئی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔ دھونی کے وکیل نے کہا کہ معاہدہ کی خلاف ورزی پر دونوں پارٹنرز کو دو مرتبہ قانونی نوٹس بھیجا جاچکا ہے جبکہ فوجداری مقدمہ 27 اکتوبر 2023 کو درج کیا گیا تھا۔