نئی دہلی ۔17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مہندر سنگھ دھونی کو بی سی سی آئی نے سال 2019-20 کیلئے کنٹریکٹ کی فہرست سے باہرکردیا ہے۔ وہ گزشتہ کنٹریکٹ میں گریڈ اے میں شامل تھے ، لیکن چھ ماہ سے ٹیم سے باہر رہنے کی وجہ سے انہیں فہرست سے باہر کردیا گیا ہے ، لیکن بی سی سی آئی نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ دھونی اگر کرکٹ کھیلتے ہیں تو انہیں کنٹریکٹ میں جگہ مل جائے گی۔سابق کپتان اگر اس سال ٹی 20 ٹیم میں شامل ہوتے ہیں تو انہیں فہرست میں دوبارہ جگہ مل سکتی ہے حالانکہ اس کا امکان کافی کم ہے۔ موجودہ قانون کے تحت اسی کھلاڑی کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا جاسکتا ہے ، جس نے کم سے کم تین ٹسٹ یا 8 ونڈے کھیلے ہوںیا پھر وہ اتنے ٹی 20 میچ کھیلتے ہیں ، تو بھی فہرست میں شامل ہوسکتے ہیں۔ نیوز ایجنسی کو بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگر دھونی آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ یا اس سے پہلے ٹیم میں آتے ہیں ، تو انہیں میچوں کی بنیاد پر کنٹریکٹ دیا جائے گا ۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا اس کے بعد اب دھونی ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہو سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس بارے میں تو ایم ایس دھونی خود ہی بتا سکتے ہیں۔