نئی دہلی۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سابق کپتان دھونی کو ہمیشہ سے ہی ہندوستانی کرکٹ کی بہترین شخصیات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے تاہم ایسی متعدد مثالیں ہیں جب کیپٹن کول اپنا تحمل کھو بیٹھے ،اس متعلق ان کے ٹیم ساتھی عرفان پٹھان اور گوتم گمبھیر نے اپنی یادوں کو تازہ کیا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی کو دنیا کے سب سے زیادہ پرسکون کرکٹروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی کو ان کی پرسکون مزاجی کی وجہ سے ہی کیپٹن کول کا نام دیا گیا تھا۔ دھونی کو میدان پر غصہ کرتے ہوئے بہت کم دیکھا گیا ہے، وہ مشکل سے مشکل حالات میں اپنا تحمل نہ کھونے کے لئے جانے جاتے ہیں۔سابق آل راونڈر عرفان پٹھان نے دھونی کے غصے سے متعلق ایک قصہ بتایاجس میں امپائر کے آوٹ دینے کے بعد دھونی کو اتنا تیز غصہ آیا تھا کہ وہ اپنا بیٹ پھینک کر ڈریسنگ روم کی جانب تیزی سے چلے گئے تھے۔
