نئی دہلی ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈکپ جیسے جیسے نزدیک آرہا ہے ،ہندوستانی ٹیم کی تیاری مزید اچھی ہوتی جارہی ہے۔ ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے ان سب فتوحات کے باوجود ہندوستان کے سابق نائب کپتان اجے جڈیجہ نے ورلڈ کپ میں ویراٹ کوہلی کی جگہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو کپتان بنانے کی وکالت کی ہے۔ اجے جڈیجہ نے کرک بز کے ایک شو میں بات چیت کے دوران کہا کہ تجربہ کو دیکھتے ہوئے دھونی کو صرف ورلڈ کپ کیلئے ایک مرتبہ پھر سے کپتان بنا دینا چاہئے۔ جڈیجہ نے کہا کہ اگرکسی کو لگتا ہے کہ کوہلی دھونی سے بہتر کپتانی کرسکتے ہیں ، تو وہ مجھ سے ضرور بحث کرسکتے ہیں۔ دنیا میں کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ دھونی حکمت عملی بنانے کے معاملہ میں نمبر ون نہیں بلکہ 2 نمبر پر آتے ہیں۔یاد رہے کہ دھونی کی قیادت میں ہندوستان نے 2007 کا ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ اور پھر 2011 میں آئی سی سی کا ونڈے ورلڈکپ جیتا ہے ورلڈ کپ کیلئے اجے جڈیجہ نے اپنی ممکنہ ٹیم کا بھی انتخاب کیا ، جس میں انہوں نے دھونی کو بطورکپتان رکھا ہے۔ یہی نہیں جڈیجہ نے اپنی ورلڈ کپ ٹیم میں دنیش کارتک کے ساتھ رویندر جڈیجہ اور آر اشون کو بھی جگہ دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کلدیپ یادو اور یزویندر چہل کو بھی ٹیم میں رکھا ہے۔ اجے جڈیجہ کی ممکنہ ٹیم : روہت شرما ، شکھردھون ، کے ایل راہول ، ایم ایس دھونی ( کپتان / وکٹ کیپر) ، ریشبھ پنت ، دنیش کارتک ، امباتی رائیڈو ، ہاردک پانڈیا ، بھونیشور کمار ، کلدیپ یادو ، یجویندر چہل ، جسپریت بمراہ ، محمد سمیع ، رویندر جڈیجہ اورآراشون۔