دھونی کی سست بیٹنگ سے دوسرے بیٹسمین پر دباو:اگرکر

   

سڈنی ۔14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی سابق کرکٹراجیت اگرکرکا ماننا ہے کہ پہلے ونڈے میں آسٹریلیا کے خلاف مہندرسنگھ دھونی کی سست اننگز کی وجہ سے ان کے ساتھی روہت شرما پردباو بنا۔ دھونی نے 2017 دسمبرکے بعد پہلی بارنصف سنچری بنائی۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے ہندوستان کے لئے ونڈے میں اپنے 10 ہزاررنز بھی پورے کئے، لیکن نصف سنچری بنانے کے باوجود دھونی نے 96 گیندیں کھیلیں، جس پر مداحوں نے اپنی ناراضگی ظاہرکی ہے۔ ۔ دھونی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ونڈے میں 96 گیندوں میں51 رن بنائے۔ تاہم دھونی بڑے رن ریٹ کے آگے تیزی سے رنز بنانے میں جدوجہد کرتے نظرآئے۔ آخرکاردھونی 51 رن بناکرآوٹ ہوئے۔ اس دوران انہوں نے روہت شرما کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لئے 137 رنوں کی شراکت کی۔ وہیں میچ میں روہت نے 133 رن بنائے، لیکن دوسے سرے سے مناسب تعاون نہ ملنے کے سبب ان کی اننگز رائیگاں چلی گئی۔ ٹیم آخرکار50 اووروں میں 9وکٹ پر254 رن ہی بناسکی اورمیچ 34 رن سے ہارگئی۔ اسی درمیان سابق ہندستانی کرکٹراجیت اگرکرکا ماننا ہے کہ دھونی کی اننگ سے روہت شرما کودوسرے اینڈ پربہت کم مدد ملی۔ آئی ایس پی این کرک انفوسے بات چیت میں اجیت اگرکرنے کہا جب چاررنز پرتین وکٹ گرجائیں توحالات مشکل ہوتے ہیں۔ ایسے میں آپ 25 سے 30 گیندیں سیٹ ہونے کے لئے لے سکتے ہیں، لیکن جب آپ سیٹ ہوجائیں توآپ کو رنز ریٹ کی طرف توجہ دینی چاہئے۔ ویسے توروہت شرما ہی اکیلے اتنے رنز بنالیتے، لیکن اس دوران دوسرے سرے سے حمایت کی ضرورت تھی لیکن انہیں ایک ایسے بیٹسمین سے تعاون کی ضرورت نہیں تھی جو100 گیندوں میں 50 رنز بنائے۔ ونڈے کرکٹ میں 100 گیندیں بہت ہوتی ہیں۔ اجیت اگرکرنے کہا آپ کہہ سکتے ہیں کہ ابتدائی گیندوں میں سنبھل کرکھیلنا ضروری تھا کیونکہ دباوبنا ہوا تھا اورآپ کووکٹ گنوانے سے بچنا تھا، لیکن بعد میں آپ کووہی کرنا تھا جو ٹیم کوچاہئے تھا، لیکن اگرآپ وہ نہیں کررہے ہیں توآپ کواس بات کی فکرکرنے کی ضرورت ہے کہ وہ بیٹنگ ٹیم کے لئے ٹھیک ہے کہ نہیں۔ ہاں انہوں نے نصف سنچری لگائی لیکن اس کے لئے 100 گیندیں کھیلیں۔ اس سے روہت شرما کو دوسرے سرے پرمدد نہیں ملی۔