دھونی کی نیٹ پراکٹس شروع ،ونڈیز کے خلاف بھی سیریز سے باہر

   

نئی دہلی۔16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنے آبائی شہر رانچی میں نیٹ پر پریکٹس شروع کردی ہے لیکن سابق کپتان کے اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی محدود اوورز کی سیریز میں کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز 6 دسمبر کو شروع ہو رہی ہے۔ دھونی نے جولائی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل کے بعد سے کوئی مسابقتی میچ نہیں کھیلا ہے۔انہوں نے رانچی میں جے ایس سی اسٹیڈیم میں نیٹ پر پریکٹس کرکے واپسی کی امید جگا دی ہے۔ اگرچہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 دسمبر کو ممبئی میں شروع ہونے والی تین ٹی 20 اور اتنے ہی ونڈے میچوں کی سیریز کے لئے دستیاب نہیں ہی رہیں گے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہاکہ دھونی ویسٹ انڈیز سیریز کے لئے دستیاب نہیں ہیں۔ ٹیم کے سابق کپتان 38 سال کے دھونی ورلڈ کپ سے ہندوستان کے باہر ہو جانے کے بعد سے ٹیم سے بھی باہر ہیں۔ ورلڈ کپ 2019 کے دوران دھونی کی سست بیاٹنگ کی وجہ سے ناقدین کے نشانے پر رہے،وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں رن آؤٹ ہو ئے تھے، جس کے بعد ہی ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھرگیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہو جانے کے بعد دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ سے وقفہ لیا ہے۔