دھونی کی وجہ سے کھلاڑیوں کی صلاحتیوں کا فروغ:علی

   

دھونی نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو فروغ دیا: معین علی
چینائی: چینائی سوپر کنگس کے آل رائونڈر معین علی نے ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی میں کھلاڑیوں کو اپنے کھیل میں بہتری لانے کا موقع ملا ہے۔ 9 اپریل کو شروع ہونے والے آئی پی ایل 2021ء کے لیے چینائی سوپر کنگس کی قیادت پھر ایک مرتبہ مہندر سنگھ دھونی کریں گے۔ انگلینڈ کے آل رائونڈر نے چینائی سوپر کنگس کی ویب سائٹ کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ میں نے ان کھلاڑیوں سے اظہار خیال کیا جنہوں نے دھونی کی سرپرست میں اپنی کرکٹ کھیلی ہے تو سبھی نے کہا ہے کہ دھونی کی وجہ سے ان کے مظاہروں میں بہتری آئی ہے۔ معین علی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دھونی ایک بہترین کپتان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑیوں کی یہ خواہش ہے کہ وہ دھونی کی سپرستی میں کھیلیں۔ معین علی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ دھونی کی سرپرستی میں بہترین مظاہروں کے لیے پرعزم ہیں کیوں کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے یہ اہم ہوتا ہے کہ اس کا قائد اور کوچ پرسکون رہتے ہوئے اسے صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرنے کا موقع دے۔ معین علی نے چینائی کے لیے آئی پی ایل میں کھیلنے کے متعلق اپنے جذبے اور جدوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم ٹورنمنٹ کی دیگر ٹیموں سے مختلف ہے کیوں کہ یہ ٹیم پرسکون رہتے ہوئے خطاب حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے۔ یاد رہے دھونی کی زیر قیادت ٹیم نے چینائی میں 8 مارچ کو اپنی ٹریننگ کا آغاز کیا تھا جس کے بعد اب وہ ممبئی منتقل ہوچکی ہے جہاں وہ اپنے مقابلے کھیلے گی۔ معین علی اس مرتبہ چینائی کیلئے بہتر مظاہرے کیلئے پرعزم ہیں ۔