دھونی کے بغیر چنئی ادھوری ، انکا ممکنہ آخری سیزن : عرفان

   

نئی دہلی، 13 مارچ (آئی اے این ایس) ہندوستانی سابق آل راؤنڈرعرفان پٹھان کا ماننا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے اس سیزن میں شائقین ممکنہ طور پرآخری بار لیجنڈری وکٹ کیپر بیٹر ایم ایس دھونی کو پیلی جرسی میں کھیلتے دیکھ سکتے ہیں۔ پٹھان نے کہا کہ پانچ مرتبہ کی چمپئن ٹیم چنئی سوپرکنگز کے لیے دھونی کی اہمیت بے حد زیادہ ہے اور ان کے بغیر نہ صرف سی ایس کے بلکہ آئی پی ایل کا تصور بھی مشکل ہے۔انہوں نے جیو ہاٹ اسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سی ایس کے ایم ایس دھونی کے بغیر ادھوری ہے۔ یہ سیزن شاید آخری موقع ہو جب ہم انہیں پیلی جرسی میں کھیلتے دیکھیں۔ سی ایس کے اور آئی پی ایل کو ان کے بغیر تصورکرنا مشکل ہے۔ اس سیزن میں دھونی ٹیم کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ مجھے یقین نہیں کہ وہ کتنے میچ کھیلیں گے، لیکن ڈریسنگ روم میں ان کی موجودگی بہت مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی قیادت رتوراج گائیکواڑکے پاس ہے، تاہم مستقبل کے لیے دو یا تین کھلاڑیوں کو تیارکیا جا رہا ہے اور اس عمل میں دھونی کا کردار اہم ہوگا۔ پٹھان کے مطابق سی ایس کے انتظامیہ ممکنہ طور پر پورے سیزن میں دھونی کے ورک لوڈکو احتیاط سے منظم کرے گی اور کوشش کرے گی کہ انہیں چھٹا آئی پی ایلخطاب جیت کر شاندار وداعی تحفہ دیا جائے۔انہوں نے کہا ان کی فٹنس، بیٹنگ کا مقام اور یہ کہ آیا وہ تمام میچ کھیلیں گے یا نہیں، ایسے سوالات سامنے آتے رہیں گے۔ سی ایس کے انتظامیہ مرحلہ وار فیصلے کرے گی اور یقیناً چھٹا آئی پی ایل خطاب جیت کر انہیں بہترین انداز میں رخصت کرنے کی کوشش کرے گی۔ایم ایس دھونی سی ایس کے کے سب سے بااثرکھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور ٹیم کی قیادت کرنے والے گروپ کے اہم رکن ہیں۔ وہ اپنی کپتانی میں ٹیم کو پانچ مرتبہ آئی پی ایل چمپئن بنا چکے ہیں۔گزشتہ سیزن میں سی ایس کے کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں آخری مقام پر رہی۔ پانچ مرتبہ کی چمپئن ٹیم 14 میچوں میں سے صرف چار میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔دھونی اب بھی آئی پی ایل کی تاریخ کے بہترین بیٹرس میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 278 میچوں اور 242 اننگز میں 38.80 کی اوسط اور137.45 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 5439 رنز بنائے ہیں۔ ان کے نام 24 نصف سنچریاں ہیں جبکہ ان کا بہترین اسکور ناٹ آؤٹ 84 رنز ہے۔