نئی دہلی 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو دو مرتبہ ورلڈ کپ جتوانے والے ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ میں 15 سال مکمل کرلئے ہیں۔ رانچی سے تعلق رکھنے والے جارحانہ وکٹ کیپر بیٹسمین دھونی نے گنگولی کی قیادت میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز 2004 ء میں کیا تھا۔ جس کے بعد سے وہ ہندوستانی ٹیم کے تمام طرز کی کرکٹ میں اہم کھلاڑی بن گئے اور اِن کے نام 17,266 رنز درج ہیں۔ 38 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمن دھونی نے ہندوستان کے لئے 350 ونڈے، 90 ٹسٹ اور 98 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔ دھونی کا 15 سالہ شاندار کیرئیر کئی ایک سنگ میل پر محیط ہے جیسا کہ انھوں نے 2011 ء ورلڈ کپ کے فائنل میں چھکا لگاتے ہوئے ہندوستان کو 50 اوورس کی کرکٹ میں دوسری مرتبہ عالمی چمپئن بنایا تھا۔ دھونی کی قیادت میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم محدود اوورس کی کرکٹ میں ایک طاقتور ٹیم کے طور پر اُبھری ہے جس نے 2007 ء میں افتتاحی ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ حاصل کیا جس کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد پاکستان کو شکست دی تھی جس کے بعد 2011 ء میں ونڈے کا ورلڈ کپ بھی ہندوستان میں دھونی کی قیادت میں ہی اپنے نام کیا تھا جبکہ 2013 ء میں جس وقت ہندوستانی ٹیم چمپئنس ٹروفی اپنے نام کی اُس وقت بھی دھونی ہی ٹیم کے کپتان تھے۔ علاوہ ازیں آئی سی سی کے ٹسٹ اور ونڈے کی درجہ بندی میں بھی ہندوستانی ٹیم نے پہلا مقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل میں چینائی سوپر کنگس کے لئے انھوں نے 3 خطابات حاصل کئے ہیں۔ جولائی میں انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈکپ کے بعد سے دھونی ہندوستانی ٹیم سے باہر ہیں لیکن آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقد شدنی ورلڈکپ میں شائقین کی نظریں دھونی پر مرکوز رہیں گی۔