ساؤتھمپٹن۔ 23جون (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی کپ تاریخ میں ہیٹ ٹرک لینے والے دوسرے ہندوستانی بولر بنے محمد سمیع نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے مشورہ کو ذہن میں رکھا اور پرفیکٹ یارکر ڈال کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ہندوستان نے عالمی کپ میں افغانستان کو کل دلچسپ اور سخت مقابلے میں 11 رنز سے شکست دی تھی اور سمیع نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک لے کر افغانستان کی اننگز سمیٹ دی تھی۔ افغانستان کو جیت کیلئے 16 رنز چاہئے تھے اور اس کے پاس 3 وکٹ باقی تھے ۔ سمیع نے تیسری، چوتھی اور پانچویں گیند پر وکٹ لے کر ہیٹ ٹرک مکمل کی اور چیتن شرما کے 1987 کے عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک لینے کے کارنامہ کرنے کے بعد یہ کامیابی حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی بولر بنے ۔سمیع نے میچ کے بعد کہاکہ جب آپ کو کم اسکور کا دفاع کرنا ہوتا ہے تو آپ کے سامنے کئی چیلنجس ہوتے ہیں لیکن جب آپ کے پاس جسپریت بمراہ جیسا بولر 49 واں اوور ڈال رہا ہو تو آپ کیلئے راحت کی بات ہوتی ہے ۔ ہیٹ ٹرک کا احساس خوشگوار ہے اور عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک ملنے سے خوشی اور بڑھ جاتی ہے ۔ میں جب آخری گیند ڈال رہا تھا تو میرے دماغ میں دھونی کا مشورہ تھا۔