چنئی : چنئی سوپرکنگز (سی ایس کے) کے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے انکشاف کیا ہے کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی گھٹنے کی تکلیف کے باعث لمبی اننگز نہیں کھیل سکتے، یہی وجہ ہے کہ وہ بیٹنگ آرڈر میں نیچے آتے ہیں۔ یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب چنئی کو راجستھان رائلز (آرآر) کے خلاف چھ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں دھونی نمبر7 پر بیٹنگ کے لیے آئے اور 11گیندوں پر 16 رنز بنائے۔ اس سے قبل، آرسی بی کے خلاف 50 رنزکی شکست میں دھونی کے نمبر 9 پر بیٹنگ کرنے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم، فلیمنگ نے واضح کیا کہ دھونی کا بیٹنگ آرڈر ان کی فٹنس اور میچ کی صورتحال کے مطابق طے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ایم ایس دھونی خود اپنی جسمانی حالت کا جائزہ لیتے ہیں۔ وہ اب پہلے جیسے نہیں رہے، گھٹنے کی تکلیف کے باعث وہ لمبے وقت کیلئے بیٹنگ نہیںکر سکتے۔ وہ دیکھتے ہیں کہ کس میچ میں وہ کس حد تک اپنا تعاون کر سکتے ہیں۔ فلیمنگ نے مزید کہا کہ دھونی ٹیم کے لیے انتہائی قیمتی کھلاڑی ہیں اور ان کی وکٹ کیپنگ اور قیادت سی ایس کے کے لیے بہت اہم ہے۔ 13ویں یا 14ویں اوورکے بعد وہ بیٹنگ کے لیے موقع دیکھنا شروع کرتے ہیں، دوسری جانب ان کی قیادت اور وکٹ کیپنگ ہمارے لیے بہت زیادہ قیمتی ہے۔ میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، فلیمنگ نے تسلیم کیا کہ سی ایس کے نے پاور پلے میں برتری حاصل نہیں کی، جہاںآرآر نے 6 اوورز میں 79/1 اسکور کیا، جواب میں چنئی صرف 42/1 بنا سکی۔