نیپیر۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اوپنر شکھردھون نے ونڈے کرکٹ میں پانچ ہزار رنز پورے کرلئے اور سب سے تیز پانچ ہزار رنز بنانے میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین برائن لارا کی برابری کرلی۔ 33 سالہ دھون نے اپنے 119ویں میچ میں اپنی اننگز کا دسواں رن بناتے ہوئے یہ کارنامہ اپنے نام کرلیا۔ دھون نے 118ونڈے اننگز میں پانچ ہزار رنز پورے کئے اورسب سے تیز پانچ ہزار رنز پورے کرنے میں مشترکہ طورپر تیسرے بیٹسمین بن گئے ۔ لارا نے اتنی ہی اننگز میں اپنے پانچ ہزار رنز مکمل کئے تھے ۔ ونڈے میں سب سے تیز پانچ ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے نام ہے جنہوں نے صرف 101 اننگز میں پانچ ہزاررنز پورے کئے ۔اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈس اور موجودہ ہندوستانی کپتان ہیں جنہوں نے 114اننگز میں پانچ ہزار رنز پورے کئے تھے ۔ دہلی دھون ہندوستان کی طرف سے ونڈے میں پانچ ہزاررنز بنانے والے 13ویں بیٹسمین بن گئے ہیں۔اس سے پہلے سچن تندولکر ،سورو گنگولی،راہول ڈراویڈ، ویراٹ کوہلی،مہیندر سنگھ دھونی، محمد اظہرالدین، یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔