دھون نے نئی ساتھی کیلئے69 کروڑ کا نیا گھر خرید لیا

   

ممبئی 21 مئی ( ایجنسیز) شکھر دھون گزشتہ چند ماہ سے اپنی نئی ساتھیسوفی شائن کی وجہ سے مسلسل بحث میں ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے رشتے کو حقیقی قراردیا ہے۔ سوفی نے دھون کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی تھی اور انہیں اپنا پیارکہا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ سوفی دھون کی نئی ساتھی ہے۔ نئی ساتھی ملنے کے بعد اب دھون نے کروڑوں کا پرتعیش گھر بھی خرید لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھون نے گروگرام کے گالف کورس روڈ پر واقع ڈی ایل ایف کے سوپر لگژری ہاؤسنگ پروجیکٹ ’دی دہلیاس‘ میں ایک اپارٹمنٹ خریدا ہے۔ رئیل اسٹیٹ ڈیٹا اینالٹکس فرم سی آر ای میٹرکس کے مطابق، دھون نے چند ماہ قبل معاہدہ کیا تھا۔ فرم کی رپورٹ کے مطابق، یہ اپارٹمنٹ 6040 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے، اور اس کی قیمت تقریباً 65.61 کروڑ روپئے ہے۔ جبکہ اس پر 3.28 کروڑ روپئے اسٹامپ ڈیوٹی کے طور پر ادا کیے گئے۔ اس کا مطلب ہے کہ دھون کو اس اپارٹمنٹ کے لیے تقریباً 69 کروڑ روپئے ادا کرنے پڑے۔