دھون نے کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کر دیا

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے تجربہ کار اوپنر شکھر دھون نے ہر قسم کی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ 38 سالہ دھون نے کہا کہ وہ 2010 میں وشاکھاپٹنم میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میں بین الاقوامی ڈیبیوکرنے کے بعد سے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ایک مطمئن کرکٹر کی حیثیت سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ دھون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا میں اپنے کرکٹ سفرکے اس باب کو ختم کر رہا ہے لیکن میرے ساتھ ان گنت یادیں ہیں اور میں بہت شکر گزار ہوں۔.محبت اور حمایت کے لئے شکریہ. جئے ہند۔ انہوں نے کہا زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے صفحات پلٹنا ضروری ہے اور اس لیے میں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کررہا ہوں۔ میں اپنے دل میں سکون کے ساتھ سبکدوش ہو رہا ہوں کہ میں نے اتنے عرصے تک ہندوستان کے لیے کرکٹ کھیلی۔ دھون نے ہندوستان کے لیے 34 ٹسٹ، 167 ونڈے اور 68 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں۔ انہوں نے 50 اوور کے فارمیٹ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کی جس میں انہوں نے 44.11 کی اوسط سے 6,793 رنز بنائے۔ انہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں 40.61 کی اوسط سے 2,315 رنز بنائے ہیں۔